لاہور ہائیکورٹ کے 3ججزکو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور ہائیکورٹ کے 3 ججز کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں۔

رجسٹرار آفس نے لاہور ہائی کورٹ کے تین ججوں کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

رجسٹرار آفس کے مطابق خطوط جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس عالیہ نیلم کو ارسال کیے گئے ہیں جب کہ خط وصول کرنے والے لاہور ہائی کورٹ کے تین ججز انتظامی کمیٹی کے رکن ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سی ٹی ڈی اور پولیس افسران لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور عدالت کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔

فرانزک ٹیمیں مشکوک خطوط کی جانچ پڑتال کے لیے ہائی کورٹ پہنچ گئی ہیں جب کہ ہائی کورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو گزشتہ روز مشکوک خطوط موصول ہوئے تھے جن پر پاؤڈر اور دھمکی آمیز نشانات پائے گئے تھے۔