علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔

سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈا پور کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی، جس میں علی امین گنڈا پور کے وکیل نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جو عدالت نے منظور کرلی۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے مسلسل عدم پیشی پر علی امین گنڈا پور کو نا اہل قرار دیا تھا تاہم علی امین کو نوٹس موصول نہیں ہوا۔

سیشن عدالت نے درخواست گزار کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے اور مقامی ضمانت دینے کا حکم دیا۔

عدالت نے ٹرائل کورٹ کا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا اور کیس کی سماعت 14 مارچ تک ملتوی کر دی۔