” پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہو گا”
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دو ٹوک موقف ہے کہ وہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوگا۔
ساجد شکیل
10 اپریل 2023
جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ سے جو فیصلہ کیا جائے گا اس کا اثر ورلڈ کپ پر بھی پڑے گا۔
میزبان سید یحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے میچز کسی تیسرے ملک میں کھیلتا ہے تو ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کی آمدن کا 80 فیصد پاک بھارت میچ سے حاصل ہوتا ہے، ہم نے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، شیڈول بھی پیش کر دیا ہے۔
تیسرے ملک کے اضافی اخراجات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اسے برداشت کرے گی۔
نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ ہماری طرف سے سرخ لکیر ہے، بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا کسی تیسرے ملک میں کھیلے۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے بائیکاٹ سے پاکستان کو ایک ارب کا نقصان ہوگا، ورلڈ کپ میں بھارت جانے سے انکار پر آئی سی سی سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان جانے اور کھیلنے پر پابندی ہے تو تحریری ثبوت دیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ حکومتی تردید پر کوئی ٹھوس ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، پاکستان سپر لیگ سے اب اتنی رقم کماتا ہے کہ آئی سی سی نقصان کا ازالہ کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بھارت سے کہا ہے کہ ہماری حکومت اور عوام ہمارے موقف کی حمایت کرتے ہیں، آپ نہیں آرہے تو ہم وہاں کیسے جائیں گے۔
