حج درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2023 کی منظوری دے دی جبکہ حج درخواستوں کی وصولی 16 مارچ سے شروع ہوگی۔

ساجد شکیل
11مارچ 2023

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ حج پالیسی 2023 میں مفت حج کی کوئی گنجائش نہیں ہے پاکستانی عازمین کیلیے حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مختص ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی علاقہ جات کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقوں کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہے، اگر پیسے بچ گئے تو حجاج کرام کو واپس کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج سے صرف ضروری اخراجات لیے جاتے ہیں، ہمارے درخواست پر سعودی حکومت نے حج اخراجات میں کمی کی، سعودی عرب میں ٹیکس بڑھنے سے اخراجات میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے حج اخراجات بھارت اور بنگلہ دیش سے کم ہیں، انڈیا میں حج اخراجات ساڑھے 13 لاکھ روپے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ حج اسکیم متعارف کرائی ہے۔