چینی مالکن نے بہترین ملازمین کو BMW گاڑیاں تحفے میں دے دیں
ملازمین سردی میں موٹر سائیکل پر آتے تھے، چینی مالکن نے BMW گاڑیاں تحفے میں دے دیں
چین میں ایک ریسٹورنٹ چین کی مالکن نے اپنے بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو ایسی قیمتی گاڑیاں تحفے میں دے دیں کہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
صوبہ ہینان کے شہر جیاؤزو (Jiaozuo) میں بیف ہاٹ پاٹ ریسٹورنٹ چین چلانے والی ما یانلی نے 2 ملازمین کو نئی BMW گاڑیاں تحفے میں دیں، جن میں سے ہر ایک کی قیمت تقریباً 300,000 چینی یوآن، یعنی 45,000 امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ما یانلی نے 24 ستمبر کو منتخب ملازمین کو یہ کہہ کر BMW شوروم لے کر گئیں کہ انہیں ایک میٹنگ میں شرکت کرنی ہے، تاہم وہاں پہنچنے پر ملازمین کو معلوم ہوا کہ انہیں نئی گاڑیوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔
ایک ملازم نے اس موقع پر حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اسے ایسی قیمتی گاڑی تحفے میں مل سکتی ہے۔ مالکن نے راستے میں صرف اتنا بتایا تھا کہ وہ اسے ایک ’’بڑا کھلونا‘‘ تحفے میں دینا چاہتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گاڑیاں ملازمین کو مفت دی گئیں اور انہیں اس تحفے کے بدلے کسی قسم کے معاہدے پر دستخط کرنے یا رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
ملازمین کو سردی میں موٹر سائیکلوں پر آتے دیکھ کر خیال آیا
ما یانلی کے مطابق انہیں ملازمین کو گاڑیاں تحفے میں دینے کا خیال گزشتہ موسم سرما میں آیا۔
اس وقت ان کے کئی ملازمین علی الصبح الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر ریسٹورنٹ پہنچتے تھے۔ شدید سردی میں ان کے چہرے سرخ، کان جامنی اور ہاتھ سردی سے اکڑ جاتے تھے۔
ایک موقع پر ما یانلی نے ایک ملازم کو شدید سردی میں کام پر پہنچتے دیکھا تو انہیں احساس ہوا کہ وہ خود تو آرام دہ گاڑی میں سفر کرتی ہیں، لیکن ان کے ملازمین سخت موسم کا سامنا کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر کام پر پہنچتے ہیں۔
اسی واقعے نے انہیں ملازمین کے لیے کچھ کرنے پر آمادہ کیا۔
’’کمپنی کی کامیابی میں ملازمین کا بھی حصہ ہے‘‘
ما یانلی کا کہنا ہے کہ ان کی کاروباری کامیابی صرف ان کی اپنی محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ تمام ملازمین کی مشترکہ کوششوں کا ثمر ہے۔
ان کے مطابق وہ اپنی کمپنی کی کامیابی کے فوائد اپنے ساتھ کام کرنے والے افراد کے ساتھ بھی بانٹنا چاہتی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو محض بونس یا نقد انعام دینے کے بجائے انہیں نئی BMW گاڑیاں دینے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد چینی سوشل میڈیا پر بھی مالکن کے اس اقدام کو خاصی توجہ مل رہی ہے، جہاں صارفین ملازمین کے ساتھ اس غیر معمولی انداز میں اظہارِ تشکر کو سراہ رہے ہیں۔
