بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ، 5 دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پنجگور کے علاقے کلی سوران میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

پنجگور: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی پنجگور کے علاقے کلی سوران میں کی گئی، جہاں دہشت گرد موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی کے لیے جا رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کی مدد سے نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا۔

برآمد ہونے والے سامان میں 3 گاڑیاں، 2 موٹرسائیکلیں، ایک آئی ای ڈی ڈیوائس اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی شامل ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد لوٹ مار، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا امکان ہے۔