نئے سیاسی سیٹ اپ کی افواہیں مسترد، حکومت 5 سال پورے کرے گی، پیپلز پارٹی اتحاد میں ساتھ رہے گی: ن لیگی رہنما
آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا، ن لیگ کا حکومت بنانے کا دعویٰ، انتخابی اعتراضات کے لیے الیکشن کمیشن کا فورم موجود ہے
اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجم عقیل نے ملک میں کسی نئے سیاسی سیٹ اپ یا نظام کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی اور اس کے بعد ہی عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی حکومتی اتحاد کا حصہ رہتے ہوئے ساتھ چلتی رہے گی۔
ملکی سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ نہ کوئی نیا سیٹ اپ آ رہا ہے اور نہ موجودہ نظام تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور سیاسی معاملات آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھیں گے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات پر پیپلز پارٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انتخابی شکایات کے ازالے کے لیے الیکشن کمیشن کا باقاعدہ فورم موجود ہے اور کسی جماعت کے پاس ثبوت ہیں تو اسے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے اعتراضات کو بے وزن قرار دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی نتائج آنے سے قبل دھاندلی کا شور مچایا گیا تھا، لیکن کامیابی ملنے کے بعد یہ اعتراضات ختم ہوگئے۔
آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ انداز میں ہوئے اور اب نتائج سامنے آنے کے بعد انہیں تسلیم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی اور پنجاب اور وفاق کی طرح آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولتوں اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلاف رائے ہوسکتا ہے، تاہم انہیں توقع ہے کہ پیپلز پارٹی حکومتی اتحاد میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ چلتی رہے گی اور انتخابی اختلافات وفاقی اتحاد پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔
