جماعت اسلامی کا 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان، اہم شاہراہیں بند کرنے کی کال
پیٹرولیم لیوی، بجلی کے بھاری بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف احتجاج ہوگا، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور ٹریکٹر سڑکوں پر کھڑے کیے جائیں گے، حافظ نعیم الرحمان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے
ملتان : جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی کے بلوں اور مختلف ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور اضلاع کو ملانے والی اہم شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دینے کی کال دے دی ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور ٹیکسوں کے بھاری بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں شامل مختلف حکومتی محصولات نے عام شہری کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیٹرول پر فی لیٹر تقریباً 125 روپے مختلف ٹیکسوں اور محصولات کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکومت سالانہ تقریباً 912 ارب روپے پیٹرولیم ٹیکس کی مد میں حاصل کر رہی ہے۔ اسی طرح گاڑیوں کے ایندھن سے سالانہ 730 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں نے آئی پی پیز کو کی جانے والی ادائیگیوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ استعمال نہ ہونے والی بجلی کی استعداد کی مد میں بھی سالانہ تقریباً 2 ہزار ارب روپے کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی یا خاتمہ حکومت کے اپنے اختیار میں ہے اور اس کے لیے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی کا انتظار ضروری نہیں۔
7 اگست کو سڑکوں پر گاڑیاں اور ٹریکٹر کھڑے کرنے کا اعلان
جماعت اسلامی کے اعلان کے مطابق 7 اگست کو ملک بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز اور اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ کارکنوں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جبکہ کسان ٹریکٹر لے کر احتجاج میں شریک ہوں اور انہیں سڑکوں پر کھڑا کرکے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
پارٹی کے مطابق احتجاجی مقامات پر دھرنے بھی دیے جائیں گے اور حکومت سے ٹیکسوں اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا۔
احتجاج کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان ملک بھر میں احتجاجی مقامات پر موجود کارکنوں اور شرکاء سے آن لائن خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے مطابق اگر حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے پیش رفت نہ کی تو حافظ نعیم الرحمان اسی روز احتجاج کے اگلے مرحلے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
