26 نومبر احتجاج کیس: عمر ایوب اشتہاری قرار، عدالت نے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے مقدمے کی سماعت کے دوران عمر ایوب کی مسلسل عدم پیشی پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ متعدد بار طلب کیے جانے کے باوجود ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث قانون کے مطابق انہیں اشتہاری قرار دیا جا رہا ہے۔

عدالت نے اس کے ساتھ ہی عمر ایوب کی گرفتاری کے لیے دائمی وارنٹ بھی جاری کر دیے تاکہ انہیں قانون کے مطابق عدالت کے روبرو پیش کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ عمر ایوب کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کی کارروائی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جاری ہے۔