کراچی: معروف مذہبی رہنما مفتی منیب الرحمان نے گل پلازہ سانحے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے نے سندھ حکومت کی کارکردگی سے متعلق تمام دعوؤں کو پسِ منظر میں دھکیل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ایوانِ صدر میں صوبائی حکومت کی کارکردگی اجاگر کی، مگر گل پلازہ کا حادثہ ایک تلخ حقیقت بن کر سامنے آ گیا۔
اپنے بیان میں مفتی منیب الرحمان نے سانحہ گل پلازہ کو انتہائی سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تاجر برادری کے مطابق اس حادثے میں تقریباً تین ارب روپے کے مالی نقصانات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر میں آگ بجھانے کے مؤثر انتظامات کا فقدان ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، اور یہ سانحہ شہری سہولیات کی کمزوری کو واضح کرتا ہے۔
آخر میں مفتی منیب الرحمان نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔