پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن فعال، توقع ہے کہ جنگ بندی قائم رہے گی،ڈی جی آئی ایس پی آر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

راولپنڈی— ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن فعال ہے اور توقع ہے کہ جنگ بندی قائم رہے گی۔

امریکی اخبار کو دیے گئے اپنے بیان میں ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ چار روز تک جاری رہنے والے میزائل اور فضائی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے سینئر افسران باقاعدگی سے ہاٹ لائن پر رابطے میں رہے، جس سے سرحدی سکون برقرار رہنے کی امید پیدا ہوئی۔ اُن کے مطابق پاکستان نے بھارتی حملوں کے جانی و مالی نقصانات کی مکمل تفصیل فراہم کی ہے اور توقع ہے کہ نئی دہلی نے بھی ایسا ہی کیا ہوگا۔

ترک نیوز ایجنسی سے گفتگو میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جنوری 2024 سے اب تک 3,700 سے زائد دہشت گردانہ واقعات پیش آچکے جن میں 3,896 افراد شہید ہوئے—ان میں 2,582 عام شہری اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت ان کارروائیوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔

بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن دوست ملک ہے، مگر کسی بھارتی اشتعال انگیزی کی صورت میں فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ “بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں—ہم کسی صورت دباؤ میں نہیں آئیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے، جن میں تین رافیل شامل تھے، مار گرائے۔ “دنیا جانتی ہے کہ بھارتی طیارے گرے، لیکن نئی دہلی اسے تسلیم کرنے سے گریزاں ہے۔”

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی یاد دلایا کہ بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد کھلے عام بھارت سے مدد مانگی تھی اور بھارتی سیاسی و عسکری حلقوں سے حمایت کے بیانات سامنے آئے۔ اُن کے مطابق، بھارت جتنی جلد اس حقیقت کو سمجھے کہ امن ہی کے مفاد میں ہے، اتنا ہی خطے کے لیے بہتر ہوگا۔