ملتان میں ٹیسٹ کرکٹ کا تاریخی لمحہ: نعمان علی کی شاندار ہیٹ ٹرک

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزکھیل

پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ رقم کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی 48ویں اور پاکستان کی جانب سے چھٹی ہیٹ ٹرک تھی، لیکن خاص بات یہ ہے کہ کسی بھی پاکستانی اسپنر کی یہ پہلی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک ہے۔

دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے 12ویں اوور میں نعمان علی نے جسٹن گریو، ٹیون املاچ، اور کیون سنکلیر کو لگاتار تین گیندوں پر شکار بنایا۔ ان میں سے دو کیچ بابر اعظم نے پکڑے، جبکہ ایک کھلاڑی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوا۔ یہ نئے سال 2025 کی پہلی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک بھی تھی، جس نے شائقین کرکٹ کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: سعود شکیل کی ترقی، بابر اعظم کی تنزلی

ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک 1879 میں آسٹریلیا کے فریڈ اسپوفورتھ نے انگلینڈ کے خلاف انجام دی تھی، جبکہ پاکستان کی پہلی ہیٹ ٹرک وسیم اکرم نے 1999 میں سری لنکا کے خلاف لاہور میں کی۔ وسیم اکرم نے 10 دن بعد دوسری ہیٹ ٹرک بھی سری لنکا کے خلاف ڈھاکا میں کی۔ ان کے بعد عبدالرزاق، محمد سمیع، اور نسیم شاہ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان اسٹیڈیم میں یہ شاندار کارکردگی نہ صرف نعمان علی کے کیریئر کا یادگار لمحہ ہے بلکہ پاکستانی اسپنرز کے لیے ایک نیا باب بھی کھولتی ہے۔ اس کامیابی نے پاکستانی بولنگ کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کیا۔