پاکستان تحریک انصاف کا 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ یہ درخواست وکیل سمیر کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ اس ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی خدوخال کو تبدیل نہیں کر سکتی اور عدلیہ کی آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے، جس کے خلاف کوئی بھی ترمیم ناقابل قبول ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 26ویں ترمیم کے تحت کیے گئے تمام اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے اور جوڈیشل کمیشن کو ججز کی تعیناتی سے روک دیا جائے جب تک کہ اس ترمیم پر کوئی حتمی فیصلہ نہ آ جائے۔

یہ بھی پڑھیں: قاضی فائز عیسیٰ کے بغیر 26ویں آئینی ترمیم منظور نہ ہوتی ،”کالے سانپ” کے نام پر پورے عمل کو متنازع بنانے کی سازش کی گئی ،بلاول بھٹو

تحریک انصاف نے اپنے دلائل میں واضح کیا ہے کہ آئینی ترمیم اختیارات کی تقسیم کے اصول کے منافی ہے اور عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ یہ درخواست ایک اہم آئینی بحث کو جنم دے سکتی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی عدالتی نظام کے مستقبل پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔