شرپسند عناصر امن کی بحالی نہیں چاہتے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ڈی سی کرم پر فائرنگ کے واقعے پر ردعمل
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر ہونے والی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ کے بعد صورتحال کشیدہ ہونے کی وجہ سے کرم کے لیے روانہ ہونے والا پہلا قافلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس واقعے کو کرم میں امن کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کے پی حکومت کرم میں مکمل امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ان عناصر کی کارستانی ہے جو علاقے میں امن نہیں چاہتے، لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان:
- شرپسند عناصر کرم کے امن معاہدے کے بعد حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
- عوام کو حکومت کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا تاکہ ان عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔
- کے پی حکومت اور علاقے کے عمائدین کی کوششوں سے امن کی بحالی کا عمل متاثر نہیں ہوگا، بلکہ مکمل امن قائم ہونے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
