ملتان ایئرپورٹ پر ایک روز میں 5 ہزار سے زائد مسافروں کی امیگریشن، نیا ریکارڈ قائم

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوزملتان

ملتان: ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے ایک روز میں 30 سے زائد پروازوں کے 5,070 مسافروں کی امیگریشن مکمل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز 2,983 مسافروں نے ملتان ایئرپورٹ سے بیرونِ ملک روانگی اختیار کی، جبکہ 2,087 مسافر مختلف ممالک سے ملتان پہنچے۔

مسافروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے قائم امیگریشن پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر پر بھی 555 مسافروں کو امیگریشن سے متعلق تیز ترین خدمات فراہم کی گئیں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون ارتضیٰ حیدر نے ایف آئی اے امیگریشن ملتان ایئرپورٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مسافروں کو بروقت اور بہترین امیگریشن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ارتضیٰ حیدر نے کہا کہ ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنی ذاتی دستاویزات کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ویزا کے حصول کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کے سفارتخانے یا قونصل خانے سے براہِ راست رابطہ کریں۔