صدر زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اگست کو طلب کرنے کی منظوری دے دی
قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس 4 بجے ہوگا، 1,172 اہلکاروں کیلئے فوجی اعزازات کی منظوری
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی مختلف سمریوں کی منظوری دے دی، جن میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 17 اگست کو طلب کرنے کی سمری بھی شامل ہے۔
صدر سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اگست کو شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 4 بجے طلب کرنے کی منظوری دی ہے۔
صدر مملکت نے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے 1,172 اہلکاروں کو فوجی اعزازات دینے کی بھی منظوری دی ہے۔
قیدیوں کیلئے 100 روزہ سزا میں خصوصی معافی
صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی اور عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اہل قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی 100 روزہ کمی کی بھی منظوری دی ہے۔
اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے شہریوں کو قومی اعزازات دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
19 اضافی ججز کی تقرری کی منظوری پہلے ہی دی جاچکی
واضح رہے کہ رواں ہفتے صدر مملکت نے 5 ہائی کورٹس میں 19 ایڈیشنل ججز کی تقرری جبکہ مزید 5 ایڈیشنل ججز کو مستقل جج بنانے کی منظوری بھی دی تھی۔
اس فیصلے کے ساتھ صدر اور حکومت کے درمیان ججز کی تقرریوں سے متعلق کئی ہفتوں سے جاری تعطل بھی ختم ہوگیا تھا۔
