ہماری عزتِ نفس کا تماشا نہ بنائیں، مرحوم کامیڈین اللہ رکھا پیپسی کی بیٹیوں کی سہیل احمد سے اپیل

انٹرٹینمنٹپاکستانتازہ ترین

والد آپ کو ہمارے لیے انکل اور باپ کے برابر سمجھتے تھے، ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے سوشل میڈیا پر ہمیں بے عزت نہ کریں، صاحبزادیاں

لاہور : پاکستان کے مرحوم کامیڈین اللہ رکھا پیپسی کی صاحبزادیوں نے سینئر اداکار و کامیڈین سہیل احمد کے اپنے والد اور خاندانی معاملات سے متعلق بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ان کی عزتِ نفس کا تماشا نہ بنایا جائے اور نجی معاملات کو سوشل میڈیا پر زیر بحث نہ لایا جائے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں اللہ رکھا پیپسی کی چھوٹی صاحبزادی نے کہا کہ جب وہ بہت چھوٹی تھیں تو ان کے والد نے خود سہیل احمد سے ان کا تعارف کروایا تھا۔ ان کے مطابق والد سہیل احمد کو اپنے قریبی ساتھی اور بچوں کے لیے انکل اور باپ کے برابر سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا، "ہم ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں سوشل میڈیا پر بے عزت نہ کریں۔ ہمارے والد کے نام کو خراب نہ کیا جائے، ان کی اپنی ایک عزت تھی اور ہماری بھی عزتِ نفس ہے۔”

مرحوم کامیڈین کی صاحبزادی نے مزید کہا کہ ان کے والد جب حیات تھے تب بھی انہیں سکون نہیں ملا اور اب جبکہ وہ دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں تو کم از کم اب انہیں سکون سے رہنے دیا جائے۔

یہ ردعمل سینئر اداکار سہیل احمد کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے اللہ رکھا پیپسی کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے ان کی وفات کے حالات کا ذکر کیا تھا۔ سہیل احمد نے کہا تھا کہ اللہ رکھا پیپسی کو شوٹنگ کے دوران دل کا دورہ پڑا جبکہ وہ اپنی بیٹی کی طلاق کے معاملے پر بھی پریشان تھے۔

مرحوم کامیڈین کی صاحبزادیوں نے اسی خاندانی معاملے کو عوامی سطح پر بیان کیے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے والد کی یاد اور خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

اللہ رکھا پیپسی گزشتہ ماہ 6 تاریخ کو دورانِ شوٹنگ دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔