بھارت: 2 خواتین کو قتل کرنیوالا روسی سیریل کِلر گرفتار، موبائل سے 100 سے زائد خواتین کی تصاویر برآمد

دنیا

بھارتی ریاست گوا نے روسی شہری الیکسی لیونوف کو گرفتار کر لیا، ملزم پر بھارت میں اپنے دو روسی دوستوں کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا الزام ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے قتل کی پیشگی منصوبہ بندی نہیں کی تھی بلکہ اسے اچانک غصے میں آکر کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی دونوں خواتین کی شناخت ہو گئی ہے، ان میں سے ایک ڈانسر تھی جس نے ملزم سے کچھ رقم ادھار لی تھی جب کہ دوسری خاتون نے بھی ملزم سے رقم ادھار لی تھی۔

رقم بروقت ادا نہ ہونے پر ملزم نے طیش میں آکر ایک خاتون کو 14 جنوری اور دوسری کو 15 جنوری کو اپنے پرائیویٹ کمرے میں گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ذہنی طور پر غیر مستحکم بتایا جاتا ہے جو منشیات کے زیر اثر تھا اور معمولی باتوں پر آسانی سے ناراض ہو جاتا تھا۔ اس کے موبائل فون سے خواتین اور دو مردوں کی 100 سے زائد تصاویر بھی ملی ہیں۔

الیکسی لیونوف کے پاس ہندوستان کا طویل مدتی ویزا تھا اور اس نے مختلف شہروں میں کام بھی کیا تھا۔ وہ بے روزگار تھا اور گزشتہ ماہ سے گوا میں رہ رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے مزید پانچ افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے تاہم پولیس تصدیق کے لیے تفتیش کر رہی ہے۔