معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کے انتقال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔
عابدہ پروین کی بیٹی نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی والدہ بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
عابدہ پروین کی بیٹی نے صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ لیجنڈ گلوکارہ کی موت کی خبریں سراسر جھوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاقے دلگراں چوک میں عابدہ پروین نامی خاتون کی موت ہوئی تھی جس سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔ یہ خبریں سراسر جھوٹی ہیں۔ میری والدہ کی موت کے حوالے سے غلط معلومات پھیلا کر مداحوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں عابدہ پروین کی بیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند اور قابل اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔
واضح رہے کہ ان جھوٹی خبروں سے عابدہ پروین کے ملک اور بیرون ملک مداحوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ اہل خانہ نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور فنکار اور ان کے خاندان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔