پلوامہ حملہ بی جے پی کی اندرونی سازش تھا، پاکستان پر الزامات بے بنیاد تھے، بھارتی سیاستدان کا تہلکہ خیز بیان

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

بھارت کی سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما سنتان پانڈے نے مودی حکومت کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ 2019 میں ہونے والا پلوامہ حملہ درحقیقت بی جے پی کی ایک منظم سازش تھا، جس کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنتان پانڈے نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کسی بیرونی طاقت کا نہیں بلکہ خود بی جے پی کی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے حقائق چھپانے کے لیے اس حملے کو پاکستان سے جوڑ کر ایک جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا۔

سماج وادی پارٹی کے رہنما نے سوال اٹھایا کہ آج تک بی جے پی یہ وضاحت نہیں دے سکی کہ حملے میں استعمال ہونے والا آر ڈی ایکس کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی تحقیق اور ٹھوس شواہد کے پاکستان پر الزام عائد کرنا مودی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

سنتان پانڈے کے مطابق بمبئی حملے، پلوامہ واقعہ، سمجھوتہ ایکسپریس اور پہلگام جیسے واقعات فالس فلیگ آپریشنز کی مثالیں ہیں، جو مودی حکومت اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ماضی میں بھی استعمال کرتی رہی ہے۔

واضح رہے کہ مودی حکومت نے 2019 کے پلوامہ حملے اور بعد ازاں 2025 میں پیش آنے والے پہلگام واقعے کا الزام بھی پاکستان پر عائد کیا، تاہم پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اگر بھارت شواہد فراہم کرے تو ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے، لیکن بھارتی حکومت تاحال کسی ایک الزام کا بھی قابلِ تصدیق ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔