واشنگٹن میں بھارت کی لابنگ ناکام، پاکستان کو سفارتی برتری,دی ٹیلی گراف

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

واشنگٹن میں بھارت کی بھرپور لابنگ کے باوجود اس مرتبہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر نمایاں برتری حاصل ہوئی ہے۔ یہ بات برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایبی گیٹ حملے میں ملوث ملزم شریف اللہ کی امریکا حوالگی کو ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات میں ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ قرار دیا گیا ہے۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق امریکی کانگریس سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف عملی تعاون پر پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کی شدید سفارتی کوششوں کے باوجود پاکستان نے واشنگٹن میں واضح سفارتی سبقت حاصل کی، جبکہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اوول آفس تک براہِ راست رسائی ملی، جو غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد خطے میں جنگ کے خدشات حقیقی طور پر بڑھ گئے تھے۔ اس دوران بھارت نے امریکی ثالثی کے امکان کو کھلے عام مسترد کیا، جبکہ پاکستان نے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپناتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ساتھ غیر روایتی اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے معاملات کو سنبھالا۔