پی ایس ایل 11: نئی فرنچائزز کی نیلامی، بنیادی قیمت اور اہم شرائط سامنے آ گئیں
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں مزید دو ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹینڈر کے ذریعے بولی کا طریقہ کار طے کر لیا ہے۔
نئی ٹیموں کے لیے بولی کی ابتدائی یا بیس قیمت 40 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق نیلامی کے دوران اس رقم میں اضافہ متوقع ہے۔ بولی میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سکیورٹی ڈپازٹ کے طور پر 2 لاکھ ڈالر بڈنگ فیس جمع کرانا ہوگی۔ جو امیدوار نیلامی میں کامیاب نہیں ہو سکے گا، اس سے 20 ہزار ڈالر بطور فیس رکھ لیے جائیں گے جبکہ باقی ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر واپس کر دیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی بڈ کمیٹی تمام تکنیکی اور مالی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد اہل قرار دیے گئے بڈرز کو نیلامی میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق جو سرمایہ کار دس سالہ مدت کے لیے فرنچائز کے حقوق حاصل کرے گا، وہ ابتدائی تین برس تک اپنی ٹیم فروخت نہیں کر سکے گا۔ تاہم تین سال مکمل ہونے کے بعد، یعنی 2029 میں، فرنچائز مالک کو مالکانہ حقوق سے دستبردار ہونے کی آزادی حاصل ہوگی۔
پی سی بی کے ٹینڈر دستاویزات کے مطابق لیگ میں شامل تمام 8 ٹیموں کو 2026 سے 2030 تک پانچ سال کے لیے سینٹرل پول سے سالانہ 30 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، تاہم اس کے بعد کے پانچ سال کے مالی معاملات کی تفصیل دستاویز میں شامل نہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ علی ترین اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کے باعث ملتان سلطانز کے موجودہ مالک نے فرنچائز چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جن کا معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو رہا ہے۔ پی سی بی اس امکان پر بھی غور کر رہا ہے کہ آئندہ سیزن میں ملتان سلطانز کے انتظامی معاملات خود سنبھالے جائیں، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 11ویں سیزن کی ونڈو کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پی ایس ایل کے میچز آئندہ برس 26 مارچ سے 3 مئی تک ملک کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسی دوران بھارتی لیگ آئی پی ایل کا آغاز بھی متوقع ہے۔
