قوم برسوں فیض حمید اور جنرل باجوہ کے بوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی: وزیر دفاع خواجہ آصف

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی 14 سال قید بامشقت کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم برسوں تک فیض حمید اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹتی رہے گی۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں لکھا:

"قوم برسوں فیض حمید صاحب اور جنرل باجوہ کے بوۓ ھوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔ اللہ ھمیں معاف کرے، طاقت اور اقتدار کو اللہ کی عطا سمجھ کے اس کی مخلوق کے لئے استعمال کی توفیق عطا فرماۓ۔ خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے۔۔ آمین”

خواجہ آصف

انہوں نے اپنے پوسٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا بیان بھی شیئر کیا، جس میں فیض حمید کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانے کے الزامات پر 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیر دفاع کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ حکومتی اتحاد کے رہنما اسے سابقہ ادوار کی سیاسی مداخلتوں کی نشاندہی قرار دے رہے ہیں، جبکہ اپوزیشن جماعتیں، خاص طور پر پی ٹی آئی، اسے "سیاسی انتقام” کا حصہ بتا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ فیض حمید جنرل باجوہ کے دور میں ڈی جی آئی ایس آئی رہے اور ان پر سیاسی معاملات میں مداخلت کے سنگین الزامات لگتے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ فیض حمید کی سیاسی عناصر کے ساتھ ملی بھگت اور عدم استحکام پیدا کرنے کے دیگر معاملات الگ سے زیر تفتیش ہیں۔