انگلینڈ میں بدھ کی رات آنے والے زلزلے نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ رات 11 بج کر 23 منٹ پر لنکا شائر کے علاقے میں آیا جس کی گہرائی تقریباً تین کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے 20 کلومیٹر کے علاقے میں محسوس کیے گئے جن میں ساؤتھ لیکس، لنکاشائر، کینڈل اور الورسٹن شامل ہیں۔
برٹش جیولوجیکل سوسائٹی کے مطابق زلزلے کی شدت 3.3 ریکارڈ کی گئی جب کہ بعض رپورٹس میں اس کی شدت 3.4 بتائی گئی ہے۔ ایک ہزار سے زائد شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں برطانیہ میں آنے والا یہ دوسرا زلزلہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے زلزلے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا تاہم شہریوں کو صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔