ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 650 سے زائد، سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا میں

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 657 تک پہنچ چکی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 392 مرد، 94 خواتین اور 171 بچے شامل ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 920 تک جا پہنچی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ جانی نقصان خیبر پختونخوا میں ہوا جہاں اب تک 373 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

پنجاب: دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت

دیگر صوبوں میں ہونے والے نقصانات کے مطابق پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، آزاد کشمیر میں 15 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے مزید حادثات اور نقصانات کا خدشہ ہے۔