جیولن تھرو کی عالمی رینکنگ جاری، نیرج چوپڑا سرفہرست، ارشد ندیم چوتھے نمبر پر
ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ایک بار پھر عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم 1370 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر برقرار ہیں۔
نیرج چوپڑا نے 1445 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جو اب 1431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
جرمنی کے جولین ویبر، جنہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ 2025 میں 91.06 میٹر کی تھرو کے ساتھ سال کی بہترین کارکردگی دکھائی، 1407 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹوکیو اولمپکس 2020 کے سلور میڈلسٹ جکب وڈلیخ (چیک ریپبلک) پانچویں نمبر پر ہیں۔
ارشد ندیم، جو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے پہلے جیولن تھرو ایتھلیٹ ہیں، نے رواں برس صرف ایک بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی ہے، جہاں انہوں نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ تاہم رینکنگ ایونٹس میں عدم شرکت کے باعث ان کی پوزیشن میں مزید بہتری نہ آ سکی۔
ذرائع کے مطابق، ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ (ستمبر 2025) سے قبل مزید 2 سے 3 انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ان کے رینکنگ پوائنٹس میں بہتری کی امید ہے۔ ان کی مستقل کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، نیرج چوپڑا نے 2025 سیزن میں شاندار آغاز کیا۔ انہوں نے اپریل میں جنوبی افریقہ کے پوچ انویٹیشنل ایونٹ میں کامیابی حاصل کی، اور پھر مئی میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے 90.23 میٹر کی تھرو کے ساتھ نیا بھارتی قومی ریکارڈ قائم کیا۔ اس کارکردگی نے انہیں 90 میٹر کلب میں شامل کیا اور عالمی رینکنگ میں دوبارہ سرفہرست پہنچا دیا۔
واضح رہے کہ نیرج چوپڑا نے 2024 پیرس اولمپکس میں سلور جبکہ اینڈرسن پیٹرز نے برانز میڈل جیتا تھا۔ اس کے بعد ستمبر 2024 کی رینکنگ میں نیرج چوپڑا پہلی پوزیشن سے محروم ہو گئے تھے، جسے اب انہوں نے واپس حاصل کر لیا ہے۔
