مالی وسائل کی کمی، پاکستان ہاکی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے
کراچی: مالی وسائل کی عدم دستیابی کے باعث قومی ہاکی ٹیم کا آئندہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے کا امکان پیدا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کو پرو لیگ میں شمولیت کا باضابطہ دعوت نامہ ارسال کیا ہے، جس کا ابتدائی جواب 27 جون بروز جمعہ دینا ہوگا۔ تاہم، فیڈریشن کا کہنا ہے کہ شرکت کا دارومدار فنڈز کی فراہمی پر ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر مالی وسائل نہ ملے تو ٹیم پرو لیگ میں شرکت نہیں کر سکے گی۔ PHF کو اس مقصد کے لیے 50 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ درکار ہے، اور وسائل نہ ہونے پر قومی ٹیم کو اس اہم ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پرو لیگ میں شمولیت کی حامی بھر کر بعد میں پیچھے ہٹنے کی صورت میں نہ صرف بھاری جرمانہ عائد ہو سکتا ہے بلکہ فیڈریشن پر بین الاقوامی پابندی کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کی سرفہرست ٹیمیں پرو لیگ میں شریک ہوتی ہیں اور اس میں شرکت پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بہتری لانے کا اہم موقع فراہم کر سکتی ہے۔ ماضی میں وسائل نہ ہونے کے باعث پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے سے پاکستان کی رینکنگ گر کر 17ویں پوزیشن پر چلی گئی تھی۔
