انسٹاگرام کا نیا روپ: صارفین کے لیے جدید فیچرز متعارف

سائنس ٹیکنالوجی

انسٹاگرام نے اپنی ایپ میں صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز کا اعلان کر دیا ہے، جن میں پروفائل گرڈ کی حسبِ منشاء ترتیب، موسیقی سے جذبات کا اظہار، اور ہینڈ رائٹنگ فونٹس شامل ہیں۔

سب سے نمایاں فیچر "گرڈ کسٹمائزیشن” ہے، جس کے ذریعے صارفین اب اپنی پروفائل پر تصاویر کو صرف چوکور انداز میں نہیں بلکہ عمودی ترتیب میں بھی دیکھ اور ترتیب دے سکیں گے۔ میٹا کے مطابق یہ فیچر اس ہفتے سے دستیاب ہوگا، جس کی آزمائش اگست 2024 سے جاری تھی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ صارفین کے دیرینہ مطالبے پر کی گئی ہے، تاکہ وہ اپنے پروفائل کو اپنی تخلیقی ترجیحات کے مطابق ڈیزائن کر سکیں۔

ایک اور نیا اضافہ یہ ہے کہ صارفین اب اپنے فالوورز کے لیے ظاہر ہونے والے مواد کو ایڈٹ بھی کر سکیں گے، یعنی آپ کن پوسٹس کو نمایاں رکھنا چاہتے ہیں، یہ فیصلہ اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔

انسٹاگرام نے Spotify کو بھی نوٹس فیچر میں شامل کر دیا ہے۔ اب اگر کوئی صارف نیا گانا سنتا ہے تو وہ گانا اور آرٹسٹ کا نام خودکار طور پر نوٹس میں ظاہر ہوگا، جس سے دوستوں کو ریئل ٹائم میں آپ کی موسیقی کی پسند کا اندازہ ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ، اسٹوریز اور ریلز کو مزید دلکش بنانے کے لیے ہینڈ رائٹنگ اسٹائل فونٹس بھی شامل کیے جا رہے ہیں، جو آپ کے مواد کو ایک منفرد تخلیقی انداز دیں گے۔

یہ تمام فیچرز انسٹاگرام کو صرف ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک مکمل اظہارِ ذات کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔