جان سینا نے WWE سے ریٹائرمنٹ کی اصل وجہ بتا دی

تازہ ترینکھیل

دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا نے اس سال باضابطہ اعلان کیا ہے کہ وہ 2025 کے اختتام پر WWE سے ہمیشہ کے لیے رخصت لے لیں گے۔

یہ اعلان انہوں نے 2024 میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں منعقدہ معروف ایونٹ "منی ان دی بینک” کے دوران کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے ریٹائرمنٹ ٹور کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگلے سال وہ پروفیشنل ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ریسلنگ کے میدان میں رواں سال بھی ان کا سفر تاریخی رہا۔ انہوں نے ریسل مینیا 41 کی دوسری رات کے مین ایونٹ میں کوڈی روڈز کو شکست دے کر 17ویں مرتبہ WWE چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا—جو کہ WWE کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اب پہلی بار جان سینا نے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ کھل کر بیان کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ عمر اور جسمانی تبدیلیوں نے ان کے فیصلے پر گہرا اثر ڈالا ہے۔

ان کے بقول:

"اب میرا جسم پہلے جیسا نہیں رہا، میں ویسے وزن نہیں اٹھا سکتا جیسے پہلے اٹھاتا تھا۔ اس لیے اب میں وہ کام کرنا چاہتا ہوں جس میں میں اس وقت بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔”

انہوں نے مزید کہا:

"WWE کا سفر ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، لیکن میرے جسمانی حالات بتا رہے تھے کہ اب رکنے کا وقت ہے۔”

جان سینا

سینا کے مطابق انہوں نے یہ بات WWE کے ساتھ شیئر کی کہ وہ ریسلنگ کو باقاعدہ اور یادگار انداز میں الوداع کہنا چاہتے ہیں تاکہ یہ نہ صرف ان کے کیریئر کے لیے یادگار ہو بلکہ WWE کے بزنس کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ کمپنی نے ان کا یہ منصوبہ قبول کر لیا۔

48 سالہ جان سینا نے 2001 میں WWE کا حصہ بن کر اپنے شاندار کیریئر کی بنیاد رکھی۔ وہ نہ صرف ریسلنگ کی دنیا میں مقبول ہوئے بلکہ 2006 میں فلم "دی میرین” سے اداکاری کا آغاز کرتے ہوئے ہالی ووڈ میں بھی نام بنایا۔

ان کی فلمی کامیابیوں میں "فاسٹ اینڈ فیوریس 9″، "دی سوسائیڈ اسکواڈ” اور "ٹرین ورک” شامل ہیں۔ 2018 سے وہ WWE کے ساتھ جزوقتی (پارٹ ٹائم) بنیاد پر وابستہ تھے۔

ریسلنگ اور اداکاری کے علاوہ جان سینا نے انسانیت کی خدمت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ ایسے بچوں کی خواہشات پوری کرنے والی عالمی تنظیم میک اے وش فاؤنڈیشن کے ساتھ طویل عرصے سے منسلک ہیں۔ ان کے نام سب سے زیادہ بچوں کی خواہشات پوری کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی درج ہے۔

جان سینا کی رخصتی ایک دور کے اختتام کی علامت ہے، لیکن ان کی خدمات اور کامیابیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔