بھارت پاکستان کا پانی بند کرنے کی حماقت نہیں کر سکتا، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی — پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانی کو روکنے کی سوچ ہی ایک دیوانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کو پانی سے محروم کرنا محض ایک پاگل پن ہے جس کا تصور بھی کوئی غیر سنجیدہ ذہن ہی کر سکتا ہے۔
عرب میڈیا سے گفتگو: پاکستان کی جنگ، فتح اللہ کی
عرب نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ ہماری ہے، لیکن کامیابی کا سہرا صرف اللہ تعالیٰ کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے گلی کوچوں میں عوام کے چہروں پر دشمن کو دیے گئے جواب کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے۔ پاکستان نے بھارتی جھوٹ، فریب اور جارحیت کو بے نقاب کر کے دنیا کے سامنے حقیقت پیش کر دی ہے۔
پہلگام واقعے پر بھارت کی من گھڑت کہانی
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے ایک فرضی بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی، جس پر پاکستان نے صرف اتنا کہا کہ ثبوت کسی غیر جانب دار بین الاقوامی ادارے یا قابل اعتماد تیسرے فریق کے سامنے لائے جائیں۔ آج تک بھارت اس کا جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔
بھارت کا میڈیا اور ریاست جھوٹ بولنے میں پیش پیش
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق بھارت کے پاس نہ کوئی ثبوت ہے اور نہ ہی اخلاقی جواز۔ چند روز قبل بھارتی وزارتِ خارجہ نے بھی اعتراف کیا کہ تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت کے اقدامات کے پیچھے بھی کوئی اخلاقی یا قانونی جواز نہیں تھا، اور دنیا نے دیکھا کہ بھارتی ریاست اور میڈیا جھوٹ پر مبنی معلوماتی جنگ لڑ رہے تھے۔
بھارتی فلم انڈسٹری جھوٹ گھڑنے میں ماہر
انہوں نے طنزاً کہا کہ بھارت کے پاس انتہائی ترقی یافتہ فلمی صنعت ہے جو پاکستان سے کئی قدم آگے ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ نت نئے ڈرامے اور بیانیے تراشتے رہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے اقدار، روایات اور مذہبی اصولوں کے تحت کسی بھی سویلین یا مذہبی مقام پر حملہ کرنا ناقابل تصور ہے۔
مسلح افواج کی ہم آہنگی: بنیان مرصوص
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی فضائیہ اور اس کے ہوا بازوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج — آرمی، ایئر فورس، اور نیوی — میں مثالی ہم آہنگی موجود ہے۔ یہی یکجہتی سیاسی قیادت اور عوام میں بھی دیکھی گئی۔ انہوں نے بنیان مرصوص کو ایک آہنی دیوار قرار دیا جو بھارتی جارحیت کے خلاف متحدہ مزاحمت کی علامت بنی۔
پاکستان نے نریندر مودی کے اشتعال انگیز الزامات کو یکسر مسترد کر دیا
جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جے ایف-17 تھنڈر اور جے-10 سی جیسے جدید جنگی طیارے، اور فتح-1 و فتح-2 میزائل پاکستان کی دفاعی و تکنیکی برتری کی گواہی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پاکستان نے اپنی روایتی فوجی طاقت کا مکمل استعمال نہیں کیا، کیونکہ افواج کا بڑا حصہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی دہشت گردی کے خلاف مصروف عمل ہے۔
بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست
انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت اس پورے خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے والا سب سے بڑا معاون ہے۔ اس کے باوجود پاکستان نے اپنے تمام آپریشنز کو جاری رکھا اور اپنی پوری دفاعی ٹیکنالوجی بھی ابھی تک ظاہر نہیں کی۔
دو ایٹمی ممالک کی جنگ کا مطلب تباہی
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ بھارت ایک ایسے آگ سے کھیل رہا ہے جس کا انجام دونوں ممالک کے لیے تباہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پوری دانشمندی اور تدبر سے کشیدگی کو بڑھنے سے روکے رکھا۔ جنگ بندی کا مطلب صرف یہی ہے کہ دونوں فریقوں نے فائرنگ روک دی، لیکن اصل امن اس وقت قائم ہو گا جب بھارت اپنے جنگی جنون سے چھٹکارا پائے گا۔
بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ظلم ایک سنگین حقیقت
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کی اشرافیہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ عیسائیوں، سکھوں اور نچلی ذاتوں پر بھی ظلم کرتی ہے۔ یہ ظلم ردعمل کو جنم دیتا ہے، جس کا الزام بھارت پاکستان پر ڈال کر بین الاقوامی مسئلہ بناتا ہے، جبکہ اصل جڑ خود بھارت کے اندر موجود انتہا پسندی اور ہندوتوا سوچ ہے۔
مسئلہ کشمیر: حل طلب بین الاقوامی تنازع
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح کا حل طلب مسئلہ ہے، جس میں پاکستان، چین اور بھارت شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ بھارت کا اسے اندرونی معاملہ قرار دینا عالمی قوانین سے انحراف ہے۔
کشمیر سے نکلنے والے دریا اور آبی حقائق
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے چھ اہم دریا نکلتے ہیں، اور اگر کشمیریوں کی خواہش پر کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے تو یہ تمام دریا پاکستان کے دائرہ اختیار میں آ جائیں گے۔ چین بھی کشمیر کے کچھ علاقوں پر دعوے دار ہے، لہٰذا بھارت کو سوچنا چاہیے کہ وہ کس خطرناک کھیل میں ملوث ہے۔
چین اور پاکستان کی شراکت داری اور امن کی کوششیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں قریبی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک، دیگر ذمہ دار اقوام کے ساتھ مل کر خطے میں امن کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
بھارت کا جھوٹ اور جارحیت ناکام ہو چکی ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی جنگ خود لڑی ہے اور بھارتیوں کو بھی خودداری سیکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھلم کھلا جارحیت کی، اور پاکستان نہ صرف ڈٹ کر کھڑا رہا بلکہ آئندہ ایسی کسی بھی حرکت کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت اور فوری دیا جائے گا۔
