عمران خان نے ایک بار پھر پولی گراف ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں لاہور پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے پولی گراف ٹیسٹ میں شریک ہونے سے تیسری مرتبہ انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم، جس کی سربراہی ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے تھے، اڈیالہ جیل پہنچی تاکہ عمران خان سے پولی گراف، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ لیے جا سکیں۔ تاہم عمران خان نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرانے سے صاف انکار کردیا، جس کے بعد ٹیم بغیر کسی پیش رفت کے واپس روانہ ہوگئی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم گزشتہ تین روز سے جیل کا دورہ کر رہی ہے لیکن عمران خان مسلسل پولی گراف ٹیسٹ میں شرکت سے گریزاں ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو ہونے والے پُرتشدد واقعات کے تناظر میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں، جن کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ سائنسی ٹیسٹ تجویز کیے گئے ہیں۔
