پاکستان معدنی ذخائر نکال کر قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کرسکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں موجود معدنی ذخائر ملک کی معیشت کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کرتے ہیں اور ان ذخائر کو نکال کر پاکستان اپنے قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بے شمار نعمتوں سے مالا مال ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں، خیبرپختونخوا کے برف پوش پہاڑوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قدیم چوٹیوں میں موجود کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان ذخائر سے فائدہ اٹھایا جائے تو پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں سے نجات پا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا، "اگر ہم اپنے عظیم قدرتی وسائل کو صحیح طریقے سے استعمال کریں، تو پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ سکتا ہے اور اپنے قرضوں کے بوجھ سے چھٹکارا حاصل کر سکتا ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں موجود دیگر قدرتی وسائل، بشمول پنجاب اور سندھ کی زرخیز زمینیں، پاکستان کے لیے مزید ترقی کے دروازے کھول سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان کے عوام، خاص طور پر ملک کے مختلف علاقوں کے بہادر لوگوں کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمارے پاس نہ صرف قدرتی وسائل ہیں بلکہ ہمارے پاس انتہائی محنتی اور بہادر لوگ بھی ہیں جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور مٹی کو سونا بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”

وزیراعظم کے مطابق، پاکستان کے معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی ضرورت ہے اور اسی لیے حکومت نے منرلز انویسٹمنٹ فورم جیسے پلیٹ فارمز کی بنیاد رکھی ہے تاکہ عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کیا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل ان قدرتی وسائل کے استعمال پر منحصر ہے، اور ان وسائل سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنی معیشت کو مضبوط اور خود انحصاری کی طرف لے جا سکتا ہے۔