امریکہ میں تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے نیا چیلنج، سوشل میڈیا جانچ لازمی

دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے بعد اب امریکی ویزا حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے، خاص طور پر ان طلبہ اور تبادلہ پروگرام کے امیدواروں کے لیے جو امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے ایک نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اسٹوڈنٹ اور ایکسچینج ویزا اپلائی کرنے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

نئی گائیڈ لائنز کے مطابق امریکی سفارتکاروں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ویزا اپلیکیشنز پر فیصلہ کرنے سے پہلے امیدواروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کو جانچیں۔ اس پالیسی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ویزا اپلائی کرنے والے افراد امریکی اقدار اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔ خاص طور پر وہ امیدوار جو عالمی سیاسی معاملات پر احتجاج یا عوامی مباحثوں میں شامل رہے ہیں، ان پر زیادہ کڑی نظر رکھی جائے گی۔

یہ فیصلہ کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔ کیا یہ پالیسی طلبہ کی آزادیِ اظہار پر قدغن لگانے کے مترادف ہے؟ کیا پرانی پوسٹس مستقبل کے تعلیمی مواقع پر اثر ڈال سکتی ہیں؟ اور سب سے اہم، کیا اب ویزا اپلائی کرنے سے پہلے سوشل میڈیا "کلین اپ” ضروری ہو گیا ہے؟

ماہرین کے مطابق یہ پالیسی امریکہ کے ویزا قوانین میں ایک بڑا اضافہ ہے، جو طلبہ کے لیے مزید چیلنجز پیدا کر سکتا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ویزا پراسیس مزید پیچیدہ ہو جائے گا اور تعلیمی مواقع محدود ہو سکتے ہیں، جبکہ امریکی حکام اسے قومی سلامتی کے لیے ضروری قدم قرار دے رہے ہیں۔

کیا یہ قدم امریکی سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے یا ایک نیا کنٹرول سسٹم؟ یہ بحث تاحال جاری ہے، لیکن ایک بات واضح ہے، اب ویزا اپلائی کرنے سے پہلے اپنی سوشل میڈیا ہسٹری پر نظر ڈالنا پہلے سے زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔