ملتان: پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا قیام
ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے قیمتوں کا کنٹرول اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ضلع ملتان میں پیرا کے دفاتر ایم پی ڈی ڈی کی نئی بلڈنگ میں فعال کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا آفس میں 59 ملین روپے کی لاگت سے نئے تھانے اور بیرکس بنائی جائیں گی، جس سے قانون کی پابندی اور نظم و ضبط کو مزید تقویت ملے گی۔
کمشنر نے پیرا کے نئے دفاتر کو فوری طور پر فعال کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور کہا کہ نئی بلڈنگ میں میس، جم اور دیگر جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ملازمین کو بہتر کام کے ماحول کی سہولت مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان میں گڈ گورننس کے عملی ماڈل کا آغاز، فائل ٹریکنگ سسٹم کے نفاذ کی ہدایت
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پیرا کے قیام سے پرائس کنٹرول مہم مزید مؤثر ہو گی اور مہنگائی مافیا کے خلاف شکنجہ مزید کسا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے پیرا کے حوالے سے شفاف انداز میں بھرتی مکمل کی ہے، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پیرا اتھارٹی کے تحت کنٹرول کی جائے گی۔
ایکسین بلڈنگز کے محمد حیدر نے بلڈنگ کے منصوبے اور مجوزہ دفاتر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پیرا کے قیام سے عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور قیمتوں پر موثر کنٹرول کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
