صحافی فرحان ملک کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا
کراچی کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔
ایف آئی اے نے انہیں کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر ریمانڈ منظور کر لیا۔
صحافی فرحان ملک کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف پہلے سے انکوائریز جاری تھیں اور سندھ ہائی کورٹ نے انکوائری یا کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے برعکس کارروائی کی ہے، جو کہ غیر قانونی ہے۔
یاد رہے کہ فرحان ملک کو گزشتہ روز ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی نے گرفتار کیا تھا۔ ان کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے تحقیقات جاری تھیں، اور اس دوران انہیں ایف آئی اے کی جانب سے بیان دینے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
