عمران خان نے مذاکرات جاری رکھنے کی تاکید کی: بیرسٹر گوہر

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

راولپنڈی: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے پارٹی رہنماؤں بیرسٹر گوہر، علی ظفر، اور شیر افضل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کی مکمل حمایت کی ہے اور حکومتی کمیٹی کو دونوں مطالبات تحریری طور پر پیش کرنے کی منظوری دی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے لیے ایک اور نشست ضرور منعقد ہونی چاہیے۔ اگر تیسری نشست کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ روک دیا گیا تو مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا، جو کہ صورتحال کے حل کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے مکمل سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔