روہت شرما کا ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل،کھری کھری سنادیں
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ممکنہ ریٹائرمنٹ سے متعلق زیر گردش خبروں پر پہلی بار اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ روہت شرما نے واضح کیا کہ وہ فی الحال ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، روہت شرما نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تھے، اور اس فیصلے کو ریٹائرمنٹ نہ سمجھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے پر صرف کھیلنے والے کھلاڑی کو رائے دینی چاہیے نہ کہ وہ لوگ جو کامیاب کھلاڑیوں کی زندگی کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہیں۔
روہت شرما نے اسٹار اسپورٹس کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ "باہر بیٹھے لوگ یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ مجھے کب باہر بیٹھنا چاہیے، کب کپتانی کرنی چاہیے۔ میں ایک سمجھدار اور بالغ ہوں اور دو بچوں کا باپ ہوں، اس لئے مجھے اچھی طرح اندازہ ہے کہ کب کیا فیصلہ کرنا ہے۔”
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے بھارت کو پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی، جس کے نتیجے میں آسٹریلیا نے 5 میچز کی سیریز 1-3 سے جیتی، جبکہ ایک میچ ڈرا رہا۔
روہت شرما نے اپنے فیصلے پر خود اعتماد کا اظہار کیا اور ان خبروں کی تردید کی کہ وہ ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں، واضح کرتے ہوئے کہ یہ صرف ایک وقتی فارم کی کمی تھی جو انہوں نے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
