جرمنی: کرسمس بازار میں ایک شخص نے کار ہجوم پر چڑھادی، 5 افراد ہلاک،200 سے زائد زخمی

اہم خبریںدنیا

جرمنی کے شہر ماکدے برگ میں ایک شخص نے کرسمس بازار کے ہجوم پر کار چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں 40 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

جرمن حکام نے واقعے میں ملوث سعودی شہری کو گرفتار کر لیا ہے، جو پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہے اور 2006 سے جرمنی میں رہائش پذیر ہے۔ پولیس نے حملے کے بعد فوری طور پر علاقے کو سیل کر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

جرمن چانسلر اولف شولز نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو کرسمس بازاروں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ تشویش کا باعث ہے اور میری ہمدردیاں متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

سعودی عرب کی مذمت

سعودی عرب نے کرسمس بازار پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ غم اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے جرمن عوام اور متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

سعودی ذرائع کے مطابق جرمنی میں سعودی حکام نے پہلے ہی حملہ آور کے انتہا پسندانہ خیالات کے بارے میں خبردار کیا تھا، جو اس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیے تھے۔

واضح رہے کہ حملہ آور، جو پیشے سے ڈاکٹر ہے، 2006 سے جرمنی میں مقیم ہے۔ جرمن حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔