گوگل کا نیا اے آئی ٹول جس سے آپ بغیر مہارت کے کسی بھی خیال کو گیم میں تبدیل کرسکیں گے

سائنس ٹیکنالوجی

اگر آپ اپنے فون یا کمپیوٹر پر گیمز کھیلنا پسند کرتے ہیں تو ذہن میں ایسے متعدد خیالات ہوسکتے ہیں کہ کیسی گیم آپ خود تیار کرکے کھیلنا پسند کریں گے۔

مگر ہر فرد کو گیمز تیار کرنے کی مہارت نہیں ہوتی کیونکہ اس کے لیے کافی کچھ سیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

البتہ اب گوگل نے آپ کے لیے اپنی پسند کی گیمز کو تیار کرنا بہت، بہت زیادہ آسان بنا دیا ہے۔

جی ہاں واقعی گوگل کی خواہش ہے کہ آپ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی استعمال کرکے بغیر کوڈنگ کو سیکھے ہی اپنی پسند کی گیمز تیار کریں۔

گوگل نے پلے گراؤنڈ نے ایک تجرباتی اے آئی ٹول متعارف کرایا ہے جو صارفین کو ان کے گیمز کے آئیڈیاز کو حقیقی زندگی دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

آپ کو بس گیم کا آئیڈیا، آرٹ اسٹائل اور مشینز کے بارے میں پروموٹ تحریر کرنی ہے اور پلے گراؤنڈ ٹول اسے پلے ایبل گیم میں تبدیل کر دے گا۔

صارفین اپنے خیالات کو گیمز کی شکل دینے کے بعد اس میں تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔

گوگل پلے گراؤنڈ کی جانب سے بھی متعدد پروموٹس فراہم کی جائیں گے جن کو صارفین تبدیل کرکے نئی گیمز تیار کرسکیں گے جبکہ ٹول کی جانب سے اس حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔

ایک بار جب گیم تیار ہو جائے گی تو صارفین اسے کھیل سکیں گے، اپنے دوستوں سے شیئر کرسکیں گے یا پلے گراؤنڈ گیلری میں پبلش کرسکیں گے۔

وہ دیگر افراد کی تیار کردہ گیمز بھی کھیل سکیں گے۔

پلے گراؤنڈ گیمز براؤزر پر مبنی گیمز ہوں گی تو صارفین انہیں فونز یا لیپ ٹاپس کھیل سکیں گے۔

پلے گراؤنڈ ایپ آپ کے پلے گیمز اکاؤنٹ سے منسلک ہوگا تو آپ اپنی پسندیدہ گیمز کو لائیک کرسکیں گے یا دیگر صارفین کو فالو کرکے ان کی نئی گیمز دیکھ سکیں گے۔

فی الحال یہ اے آئی ٹول امریکا میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔