فیس بک میں بڑی تبدیلی، ایپ کھلتے ہی ریلز نظر آنے لگیں گی
اسلام آباد: فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ میٹا نے اپنے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ویڈیو پر مرکوز کرنے کے لیے نئے تجربے کا آغاز کر دیا ہے جسے ‘ریلز فرسٹ’ کا نام دیا گیا ہے۔
اس نئے تجربے کے تحت بعض صارفین فیس بک ایپ کھولتے ہی روایتی پوسٹس، تصاویر اور تحریری مواد کے بجائے براہ راست مکمل اسکرین ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے ٹک ٹاک یا یوٹیوب شارٹس پر ہوتا ہے۔
تازہ رپورٹس کے مطابق اس تجربے کی آزمائش پہلے بھارت میں منتخب صارفین کے لیے شروع کی گئی، جبکہ میٹا کے ترجمان نے انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی تجربے کی تصدیق کی ہے۔ میٹا نے جولائی 2026 میں اعلان کیا تھا کہ وہ ویڈیو کے زیادہ استعمال والے ممالک میں اس تجربے کا آغاز کرے گی۔
میٹا کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں اس کے پلیٹ فارمز پر سروے کیے گئے 97 فیصد صارفین روزانہ ویڈیوز دیکھتے ہیں، جبکہ نوجوان نسل یعنی جنریشن زی میں ریلز کا روزانہ استعمال 89 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی فیس بک کے بنیادی تجربے کو ویڈیو کے گرد ترتیب دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
تاہم میٹا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ روایتی فیس بک فیڈ فوری طور پر ختم نہیں کی جائے گی۔ جن صارفین پر یہ نیا تجربہ آزمایا جائے گا انہیں روایتی فیڈ پر واپس جانے کا اختیار حاصل رہے گا، اور کلاسک فیڈ ایپ کے اندر ایک الگ ٹیب کے طور پر بھی دستیاب رہے گی۔
پاکستان کے حوالے سے ابھی تک میٹا نے کوئی حتمی تاریخ جاری نہیں کی۔ کمپنی پہلے مختلف مارکیٹوں میں اس تجربے کے نتائج کا جائزہ لے گی، اور اگر تجربہ کامیاب رہا تو اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
اب یہ سوال اہم ہے کہ صارف فیس بک کھولتے ہی کیا دیکھنا پسند کرتا ہے، دوستوں کی پوسٹس اور تصاویر یا مسلسل چلنے والی ریلز؟
#Facebook #MetaReels #SocialMedia #DigitalMedia #ٹیکنالوجی #فیس_بک #ریلز
