خانیوال میں پسند کی شادی کرنے والی 3 روزہ دلہن مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل

پاکستانتازہ ترینساؤتھ نیوز

پولیس کے مطابق والد نے بھائیوں اور بیٹے کے ساتھ مل کر بیٹی کو پھندہ دے کر قتل کیا، شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج

خانیوال: پنجاب کے ضلع خانیوال میں پسند کی شادی کرنے والی نومولود دلہن کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔ واقعہ چک نمبر 170 دس آر میں پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق مقتولہ اقرا کی شادی کو صرف 3 روز ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اقرا نے 3 روز قبل پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد اس کا والد فلک شیر اسے سسرال سے یہ کہہ کر اپنے گھر لے کر آیا کہ بیٹی کی رخصتی گھر سے کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق گھر واپس لانے کے بعد فلک شیر نے اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ مل کر اقرا کو مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر قتل کردیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے والد فلک شیر کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقتولہ کے شوہر کی درخواست پر والد اور دیگر نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔