9 مئی ڈیجیٹل دہشتگردی کیس: اے ٹی سی کا بڑا فیصلہ، 6 ملزمان کو عمر قید
انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ ڈیجیٹل دہشتگردی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے فیصلہ سناتے ہوئے عادل راجہ، صابر شاکر، معید پیرزادہ، حیدر مہندی، وجاہت سعید اور شاہین صبہائی کو مجرم قرار دیتے ہوئے سخت سزائیں عائد کر دیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق عادل راجہ، صابر شاکر اور معید پیرزادہ سمیت دیگر ملزمان کو دو، دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق استغاثہ نے مقدمے میں 24 گواہان عدالت میں پیش کیے، جبکہ ملزمان کی عدم موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا گیا۔ صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو تھانہ آبپارہ کے مقدمے میں سزا سنائی گئی، جبکہ شاہین صبہائی، حیدر مہندی اور وجاہت سعید کو تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے وکیل گلفام اشرف گورائیہ کو ملزمان کا سرکاری قانونی نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ 9 مئی 2025 کو ریاستی اداروں کے خلاف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے مبینہ اشتعال انگیزی اور ڈیجیٹل دہشتگردی سے متعلق تھا، جس میں قومی سلامتی اور عوامی نظم و نسق کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل تھے۔
انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت عدالت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ملزمان کی غیر حاضری میں بھی ٹرائل مکمل کر کے فیصلہ سنا سکے، جس کے تحت یہ اہم فیصلہ جاری کیا گیا۔
