پی آئی اے کی نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم کی دوسرے مرحلے میں 121 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی
اسلام آباد: قومی ائیر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عارف حبیب کنسورشیم نے دوسرے مرحلے میں 121 ارب روپے کی بولی جمع کرا دی ہے۔
قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کا مرحلہ وار عمل جاری ہے۔ اس موقع پر مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد قومی ائیرلائن کو محض فروخت کرنا نہیں بلکہ اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، جبکہ اس عمل سے ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مشیر نجکاری کمیشن کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے قومی ائیرلائن ماضی کی طرح بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ائیرلائن کے 75 فیصد حصص کی بولی آج لگائی جا رہی ہے اور بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ پی آئی اے کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
محمد علی کے مطابق ادائیگی کا طریقہ کار بھی لچکدار رکھا گیا ہے، جس کے تحت دو تہائی رقم ابتدائی مرحلے میں جبکہ ایک تہائی بعد ازاں ادا کی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ بولی جیتنے والے فریق کو اجازت ہوگی کہ وہ بولی کے بعد مزید دو پارٹیز کو اپنے کنسورشیم میں شامل کر سکے۔
نجکاری کے پہلے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 101.5 ارب روپے جبکہ ایئربلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی لگائی تھی، جب کہ اس مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دی تھی۔
دوسرے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے اپنی بولی بڑھا کر 120.25 ارب روپے کر دی، تاہم عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپے کی نئی بولی دے کر سبقت حاصل کر لی۔
