سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی بیٹی نے اپنے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 44 سالہ ایشلی بائیڈن نے اپنے شوہر سے علیحدگی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
ایشلی بائیڈن نے شادی کے 13 سال بعد پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ہاورڈ کرین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایشلی بائیڈن نے شادی کی ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے رواں ہفتے کے شروع میں فلاڈیلفیا کی فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی کارروائی سے کچھ دیر قبل ایشلی بائیڈن نے سوشل میڈیا پر ہاتھ پکڑے ایک مرد اور خاتون کی تصویر پوسٹ کی جس میں ان کا اشارہ تھا کہ یہ ان کے خاوند اور گرل فرینڈ کی تصویر ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایشلی بائیڈن نے کچھ عرصے بعد یہ کہانی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہٹا دی۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ہاورڈ کرین سے ایشلی بائیڈن کی سوشل میڈیا کہانی اور طلاق کی درخواست کے حوالے سے موقف حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ ایشلی بائیڈن اور ڈاکٹر ہاورڈ کرین کی شادی 2012 میں ہوئی تھی۔