اوپن اے آئی نے جدید ترین اے آئی ماڈل GPT-5 متعارف کرا دیا
مصنوعی ذہانت کی دنیا میں بڑی پیشرفت کرتے ہوئے اوپن اے آئی نے اپنا اب تک کا سب سے طاقتور ماڈل GPT-5 لانچ کر دیا ہے، جو اب چیٹ جی پی ٹی کے تمام صارفین بشمول فری یوزرز کے لیے بھی دستیاب ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ GPT-5 اپنے پچھلے ورژنز کے مقابلے میں زیادہ ذہین، تیز رفتار اور مختلف شعبوں میں انتہائی مفید ہے، خاص طور پر تحریر، کوڈنگ اور طبی شعبے میں۔
سی ای او سام آلٹمین نے اس ماڈل کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "جب میں نے GPT-4 کو دوبارہ استعمال کیا تو وہ نئے ماڈل کے سامنے بے کار محسوس ہوا۔”
یاد رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کا پہلا ماڈل 2022 میں جاری کیا گیا تھا، جو تیزی سے مقبول ہوا اور اب ہفتہ وار صارفین کی تعداد 70 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق GPT-5 میں گمراہ کن جوابات دینے (hallucination) کا امکان نمایاں حد تک کم ہے، اور اسے 5,000 گھنٹے تک سخت جانچ کے مراحل سے گزارا گیا ہے۔
نیا ماڈل حساس سوالات کے جواب میں اب صرف انکار نہیں کرے گا بلکہ محفوظ اور موزوں ردعمل فراہم کرے گا۔
کوئی مقابل نہیں دور تک ،چیٹ جی پی ٹی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا
پریس بریفنگ میں GPT-5 کی وائب کوڈنگ صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں اے آئی نے صرف تحریری ہدایات پر مبنی ایک ویب ایپ تیار کی، جو انگلش بولنے والوں کو فرنچ سکھا سکتی ہے۔
GPT-5 نے ایک ہی ہدایت پر دو مختلف ایپس بنا کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ اگرچہ ایپس میں معمولی خامیاں تھیں، مگر صارف انہیں اپنی مرضی کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔
یہ نیا ماڈل 7 اگست سے فری، پلس، پرو اور ٹیم صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم فری صارفین کو ایک خاص حد تک GPT-5 استعمال کرنے دیا جائے گا، اس کے بعد انہیں GPT-5 Mini پر منتقل کیا جائے گا۔
پلس صارفین کے لیے یہ حد زیادہ ہوگی، جبکہ پرو صارفین بغیر کسی پابندی کے نہ صرف GPT-5 بلکہ GPT-5 Pro سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اوپن اے آئی کا یہ ماڈل مائیکروسافٹ 365 کو پائلٹ کے طور پر بھی اپ گریڈ کر رہا ہے، جبکہ ڈویلپرز کے لیے تین ورژنز — GPT-5، GPT-5 Mini اور GPT-5 Nano — پیش کیے جا رہے ہیں۔
