بھارتی کرکٹ ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام شامل نہیں ہوگا ،لوگو کو لیکر ایک اور تنازع کھڑا کرنے کی کوشش

اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو کے حوالے سے بھارت کی جانب سے ایک اور تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام شامل نہیں ہوگا، حالانکہ تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو لگانا ضروری ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لوگو پر روایتی طور پر میزبان ملک پاکستان کا نام درج ہوتا ہے، لیکن بھارتی میڈیا نے اس معاملے پر ہنگامہ برپا کیا اور ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے کہ بھارت نے شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی وفد کا قذافی اسٹیڈیم کا جائزہ

بھارتی میڈیا کی ان حرکات نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے: کیا بھارت دوبارہ تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے؟ کیا آئی سی سی اپنے ضوابط کی پابندی کرائے گا، یا بھارت اس بار بھی آئی سی سی کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا نام شامل نہیں کرے گا؟

آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق تمام ٹیموں کو آئی سی سی کے منظور شدہ لوگو کا استعمال کرنا ضروری ہے، اور کٹ کی تصدیق کے دوران آئی سی سی اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ لوگو درست طریقے سے استعمال ہو۔ اگر لوگو کی غلطی ہو تو آئی سی سی کٹ کو فوری طور پر مسترد کر دیتی ہے۔

یہ یاد رہے کہ پچھلے سال بھی بھارت نے ایشیا کپ کے دوران تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام شامل نہ کرنے کی اجازت دی تھی۔