گورنر پنجاب نے ایچی سن کالج کے پرنسپل کا استعفیٰ منظور کرلیا
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ایچی سن کالج لاہور کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
گورنر ہاؤس کے ذرائع کے مطابق آمنہ عمران کو مائیکل اے تھامسن کی جگہ ایچی سن کالج کی قائم مقام پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گورنر پنجاب نے فیس معافی کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق اگر طالب علم 3 سال کے لیے کسی دوسرے شہر جاتا ہے تو اسے 50 فیصد تک فیس معافی ملے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایچی سن کالج کے پرنسپل نے ایک خط کے ذریعے اسٹاف کو اپنے استعفے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس کے متعصبانہ اقدامات سے اسکول کی گورننس اور انتظامیہ کو نقصان پہنچا ہے،
مائیکل اے تھامسن نے خط میں مزید کہا کہ اسکول میں سیاست اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور یکم اپریل کے بعد انتظامیہ اور داخلوں میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔
دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پرنسپل ایچی سن کالج کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل اے تھامسن 40 لاکھ روپے تنخواہ لے رہے تھے جس کا آڈٹ ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ایچی سن کالج ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں لیتے تھے، پرنسپل ایچی سن کالج نے انکوائریوں سے بچنے کے لیے یہ حربہ اپنایا ہے۔
