چیئرمین پی سی بی نے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ دینے کیلئے جامع پلان طلب کر لیا
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی پر زور دیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر کو ایک قابل عمل منصوبہ بندی کا کام سونپا، اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی پروفائلنگ کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، پاکستان بھر کے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان ٹورنامنٹس کے انعقاد کا منصوبہ بنایا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کا انعقاد ضروری ہے، ملک بھر میں کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر خواتین کے ٹورنامنٹ بھی ہونے چاہئیں اور خواتین کو بھی کرکٹ میں یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اسے آگے لانا اور بہتر کرنا ہوگا۔
