گڈ گورننس کے بغیر ملک کے معاملات نہیں چل سکتے، پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر حکمرانی ناگزیر ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیا

محسن نقوی کی رائے ان کی اپنی ہے، اس پر بات نہیں کروں گا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے گڈ گورننس انتہائی ضروری ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں انتظامی ڈھانچے پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان سے متعلق سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ "محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے، میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔”

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی گزشتہ برسوں کے دوران تقریباً چار گنا بڑھ چکی ہے، جبکہ صوبوں کی تعداد اب بھی چار ہی ہے، اس لیے اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ اچھی حکمرانی کے بغیر ریاستی معاملات مؤثر انداز میں نہیں چل سکتے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے گڈ گورننس کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کے لیے مؤثر حکمرانی ناگزیر ہے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انتظامی نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔