ساہیوال اور اوکاڑہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 مشتبہ ملزمان گرفتار، دھماکا خیز مواد برآمد
لاہور / ساہیوال : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ساہیوال اور اوکاڑہ میں مبینہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 2 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز اور ولایت شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جو پشاور کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام بارودی مواد، 3 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، 3 کلاشنکوفیں اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان ساہیوال اور اوکاڑہ میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق بھارت کی خفیہ ایجنسی "را” سے ہے۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
سی ٹی ڈی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ ان کے ممکنہ سہولت کاروں، رابطوں اور منصوبہ بندی سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
